اڈیشہ،17؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) اڈیشہ میں ایک شخص نے اپنی بیوی کے ذریعہ اپنے 15ماہ کے بچے کو مارنے اور گلا دبانے کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا جو وائرل ہو گیا ۔ اڈیشہ کے گوپ علاقہ میں رہنے والے اس شخص نے تھانے میں اپنی بیوی کے خلاف رپورٹ درج کرائی اور پولیس نے اس کی شکایت پر اس کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
اس عورت کے شوہر نے پولیس کو ویڈیو دکھایا جس کو گھر میں لگے کیمرے کے ذریعہ حاصل کیاگیا تھا۔ اس ویڈیو میں خاتون کو اپنے ہی بچے کو انتہائی بےرحمی سے پیٹتے اور گلا دباتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ شوہر نے الزام لگایا کہ اس نے گھر میں چھپا کر کئی سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے ہوئے ہیں کیونکہ ان کی بیوی ان کی غیر موجودگی میں ان کے والدین کی پٹائی کرتی تھی۔شوہر نے الزام لگایا کہ اس کی بیوی اپنے بچے کوبھی پیٹتی ہے۔اس نے کہا کہ وہ سی سی ٹی وی کے ذریعہ اپنی بیوی کا اصلی چہرا سب کےسامنے لانا چاہتا تھا۔
جس عورت کا ویڈیو وائرل ہوا ہے اس نے اپنے شوہر کے تمام الزامات کو خارج کرتے ہوئے کہا ہےکہ اس کا شوہر اور ساس، سسر اس پر جسمانی زیادتیاں کرتے ہیں اور اس کو کئی کئی دن تک بھوکا رکھتے ہیں ۔ خاتون نے کہا کہ بھوک اور زیادتی کی وجہ سے وہ کئی رو ز سے ذہنی تناؤ میں تھی جس کی وجہ سے اس نے اپنے بچے کی پٹائی کر دی۔ معاملہ کی حقیقت جاننے کے لئے پولیس نے جانچ شروع کر دی ہے۔